بپر جوائے

بپر جوائے کا خطرہ ٹل گیا، طوفان مزید کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل

بحیرہ عرب سے اٹھنے والا سمندری طوفان بپر جوائے کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہو گیا، سسٹم کے مزید مشرق کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔
ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کے مطابق ڈپریشن تھرپارکر اور بھارتی راجستھان پر موجود ہے جب کہ بھارتی راجستھان میں طوفان کمزور ہو کر "لو پریشر ایریا” ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،اس دوران ہواؤں کی رفتار 30 سے 40 اور جھکڑ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھوسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ سجاول اور میرپورخاص میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ماہی گیروں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بلوچستان کے ماہی گیر اپنی سرگرمیوں کا آغاز آج سے کرسکتے ہیں جب کہ سندھ کے ماہی گیر کل سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کریں۔
سمندری طوفان بپر جوائے کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ مٹھی میں 168ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق تعلقہ ڈیپلو 166، اسلام کوٹ 105 اور ننگرپارکر میں 68 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں طوفان کے خطرات ختم ہوتے ہی کمشنر کراچی نے شہر میں معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی۔
سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر کراچی میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جب کہ ساحل سمندر پر جانے والے راستے بھی بندکردیے گئے تھے۔
شہر میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ سمیت دیگر کلاسز کے امتحانات بھی معطل کردیے گئے تھے تاہم اب کمشنر کراچی نے شہر میں امتحانات سمیت دیگر تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

مزید پڑھیں:  بنوں، لیکچرر سلیم خان پر حملے کیخلاف اساتذہ کا احتجاج، ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ