ہسپتالوں کو بجلی کی ایکسپریس لائن

ہسپتالوں کو بجلی کی ایکسپریس لائن دینے کا منصوبہ سردخانہ کا شکار

ویب ڈیسک: سرکاری ہسپتالوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے مستقل چھٹکارہ کیلئے بجلی کا الگ سپلائی نظام لانے کا منصوبہ بھی آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حصہ نہیں رہا ہے۔ اس سلسلے میں ابتدائی بنیادوں پر صوبے کے تمام ضلعی وتحصیل ہسپتالوں کو ایکسپریس لائن دینے کی تجویز کو گزشتہ مالی سالوں کی بجٹ تجاویز میں شامل اور اس منصوبے پر 1 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ ہیلتھ سیکرٹریٹ ذرائع نے بتایا کہ بجلی کے بحران سے صوبے کے سرکاری ہسپتال بھی بری طرح متاثر ہور ہے ہیں۔
بعض اضلاع کے ہسپتالوں میں جنریٹرز اور شمسی توانائی کے ذرائع بجلی کے متبادل کے طور پر استعمال کئے جارہے ہیں، تاہم بڑے سرکاری ہسپتالوں میں طبی مشینری اور وارڈ کا برقی نظام چلانے کیلئے جنریٹرز اور شمسی توانائی کا ذریعہ موثر نہیں۔ اس وجہ سے تمام بڑے ہسپتالوں تک الگ ایکسپریس لائن دینے کی تجویز دی گئی تھی۔ اس تجویز کو صوبائی حکومت نے منظور کرتے ہوئے تمام ضلعی وتحصیل سطح کے ہسپتالوں کو بجلی سپلائی مسلسل برقرار رکھنے کیلئے1 ارب روپے کی لاگت سے ایکسپریس لائن کا منصوبہ بجٹ میں شامل کر دیا تھا جس کیلئے 10 ملین روپے جاری کرنے کی منصوبہ بندی تھی لیکن نئے بجٹ میں ہسپتالوں کیلئے بجلی کا منصوبہ تجویز نہیں کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیر اعظم کا ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان