فلسطینی کاز کی حمایت

ترک صدر کا فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

ویب ڈیسک: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھنے اور فلسطینیوں کی خوشحالی میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں اپنے فلسطینی ہم منصب محمود عباس کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ترکی کی حیثیت سے ہم فلسطینی کاز کی مضبوط ترین ممکنہ حمایت جاری رکھیں گے، ہمیں غیر قانونی آباد کاروں کے تشدد پر گہری تشویش ہے۔
اردگان اور عباس نے صدارتی کمپلیکس میں دو طرفہ تعلقات، مسئلہ فلسطین اسرائیل اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بات چیت کے لیے ون آن ون ملاقات بھی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مقدس مقامات بالخصوص مسجد اقصیٰ کی تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کر سکتے۔ ترکش صدر نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کا مسئلہ فلسطین میں مصروف عمل ہونا ضروری ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے اسی ہفتے ترکی کا دورہ متوقع تھا لیکن ہفتے کے آخر میں غیر طے شدہ سرجری کے بعد ملتوی کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  پشاور، فریقین کے درمیان فائرنگ، دو افراد جاں بحق