حضرت امام حسین کی قربانی

حضرت امام حسین کی قربانی انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان،راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے۔
ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے 10 محرم الحرام کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور، دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے گہری تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے، حضرت امام حسین نے اصحاب اور اہل بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم،جبر اور نا انصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حضرت امام حسین کی قربانی ہمیں غیر متز لزل ایمان،راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے، ان کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں ان کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے، مقاصد کے حصول کی راہ میں جو رکاوٹیں حائل ہوتی ہیں انہیں ثابت قدمی سے دور کیا جاسکتا ہے،اللہ تعالی ہماری قوم اور امت مسلمہ پر رحم فرمائے اور اللہ تعالی ہمیں اسلام کی تعلیمات اور نواسہ رسول کی عظیم میراث پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید پڑھیں:  وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا شاہراہ قراقرم پر موٹر وے پولیس کی تعیناتی کا مطالبہ