اسرائیل کا رفح پر حملہ،بچوں سمیت 26فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: اسرائیلی فوج نے انخلا کے احکامات جاری کرنے کے بعد رفح شہر کے مشرقی علاقوں کے جوار میں فضائی حملے شروع کردیئے ،فضائی حملوں میں 8بچوں سمیت 26فلسطینی شہید ہو گئے ۔
ہسپتال ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ رات سے رفح کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں میں 11 گھروں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح کے مشرق میں بعض محلوں کو خالی کرانے کے احکامات کے بعد صبح کے وقت علاقے میں مقیم فلسطینیوں نے علاقہ چھوڑنا شروع کردیا تھا۔
بارش کے موسم کے باوجود سینکڑوں فلسطینی، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، تھیلوں اور بیگوں میں مختصر سامان کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے جن کے پاس گاڑیاں تھیں وہ اپنی گاڑیوں کے ساتھ دوسرے علاقوں کو چلے گئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر عربی میں جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج رفح میں بھرپور کارروائی کرے گی اور جو بھی اس علاقے میں ہے وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈالے گا۔
ایک فوجی ترجمان نے کہا کہ اسرائیل رفح میں ایک محدود کارروائی کی تیاری کر رہا ہے اور اس ضمن میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کا کہا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  فیصل واوڈا اور مصطفی کمال توہین عدالت کے مرتکب ہیں، حکم نامہ جاری