عمران خان توشہ خانہ کیس

توشہ خانہ کیس، عمران خان کی بیان ریکارڈ نہ کرنے کی درخواست مسترد

ویب ڈیسک: توشہ خانہ کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا 342 کا بیان کل ریکارڈ کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کا معاملہ ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 342 کا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے آج منگل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان اور ان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو صرف مایوس کیا، ایسی درخواستوں کا مقصد ٹرائل کو تاخیر کا شکار بنانا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی کا 342 کا بیان قلم بند کرنے کیلئے سماعت مقرر تھی، آج تیسرا دن 342 کا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء نے 342 کے بیان کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اپنے وکیل خواجہ حارث کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے بیان قلمبند کرنے کیلئے کچھ وقت مانگنے کی درخواست دائر کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق آج کل 180 کیسز میں پیش ہو رہے ہیں۔
جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق عاشورہ کی چھٹیوں کے باعث 342 کا بیان نہیں بنایا جاسکا، چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے وکلاء کو 342 کے بیان قلمبند کروانے کیلئے کافی وقت دیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے 3 مئی کے بعد سے سماعتوں کے فیصلے عدالت میں پڑھے۔ انہوں نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کے مطابق سیشن عدالت تیزی سے ٹرائل چلا رہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کے مطابق غیر جانبداری سے ٹرائل نہیں چل رہا، چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی سیشن عدالت پر اعتماد کا اظہار نہیں کیا، سیشن عدالت نے ایسی ہی درخواستیں پہلے بھی مسترد کی ہیں۔

مزید پڑھیں:  سوات، شجرکاری مہم کے دوران 10 ہزار پودے لگائے جائیگے