پاکستان اور افغانستان میں امن

پاکستان اور افغانستان میں امن دونوں ممالک کیلئے ضروری ہے، مولانا

ویب ڈیسک: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی ہو رہی ہے لہٰذا افغان حکومت سے کارروائی کا کہا جائے۔ پشاور میں جے یو آئی کے تحت مقامی ہوٹل میں گرینڈ قبائلی جرگہ ہوا جس میں پشتون بیلٹ کے سیاسی اور قبائلی عمائدین شریک ہوئے۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، پی پی پی کے جنرل سیکرٹری نئیر بخاری، فیصل کریم کنڈی، عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور اور میاں افتخار حسین شریک تھے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قبائلی جرگے نے باجوڑ دھماکے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جرگے میں پاک افغان تعلقات مؤثر بنانے کی ضرورت اور قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے وعدے پورے کرنے پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں کے لیے اعلان کردہ فنڈز فوری جاری کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جرگہ نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پیش کی اور امید ظاہر کی کہ سیاسی جماعتیں اتحاد کا مظاہرہ جاری رکھیں گی۔ سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ تجویز دی گئی کہ کمیٹی قائم کی جائے جو صوبے اور مرکز سے رابطہ کرے، پاکستان اور افغانستان میں دہشتگردی کی روک تھام کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان میں استحکام دونوں ممالک کی ضرورت ہے، افغان حکومت سے کہا جائے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں۔

مزید پڑھیں:  سوات، بارش کے بعد کالام میں سیاحوں کا رش سردی لوٹ آئی