کوہاٹ شہر میں رہزنوں

کوہاٹ شہر میں رہزنوں کا راج، عوام عدم تحفظ کا شکار

ویب ڈیسک: کوہاٹ شہر میں رہزنوں کی دیدہ دلیری کیساتھ جاری وارداتوں کے باعث عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق کوہاٹ کے پوش علاقے کے ڈی اے میں ایک گھنٹے کے اندر رہزنی کی دو وارداتیں ہوئیں، پہلے واقعہ میں گزشتہ رات کے ڈی اے سیکٹر 4 ڈاکخانہ روڈ پر رہزن شہریوں سے نقدی اور موبائل فون لے اڑے جبکہ رہزن آدھے ہی گھنٹے بعد سیکٹر 6 پر پرائمری سکول کے قریب ایک اور واردات کر گئے۔ رہزن دوسری واردات میں شہریوں سے تیس ہزار نقدی، بٹوا اور موبائل فون چھین کر لے گئے، مقامی ذرائع کے مطابق دونوں وارداتوں میں راہزن موٹر سائیکل پر سوار تھے، اس سے قبل شاہ قبرستان کے قریب اسلحہ کی نوک پر ایک شہری سے نقدی اور موبائل فون چھینا گیا۔ ان متاثرہ افراد میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ متاثرہ شہری نے کہا کہ پولیس ایف آئی آر درج کرنے کی بجائے محض روزنامچہ پر ہی ٹرخا دیتی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل فوری رفاح اور کرم شالوم کی راہداریوں کو کھولے، انتونیو گوتریس