الیکشن وقت پر ہوں گے

یقین رکھیں الیکشن ہوں گے اور وقت پر ہوں گے، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ یقین رکھیں الیکشن ہوں گے اور وقت پر ہوں گے۔
ویب ڈیسک: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مسلح فوج کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی جبکہ چیئرمین سینیٹ نے مزار پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صادق سنجرانی کا کہنا تھا بلوچستان کی آواز بلوچستان کے سینیٹرز بخوبی اٹھا رہے ہیں اور نگران وزیراعظم سے بلوچستان کے عوام کو امید کی کرن نظر آئی ہے لیکن بلوچستان کی ترقی کے لیے بہت سارے وسائل کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں صادق سنجرانی کا کہنا تھا گزشتہ حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے مردم شماری کو نوٹیفائی کیا، ان سب کا پتا تھا کہ حلقہ بندیاں ہوں گی۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا یقین رکھیں الیکشن ہوں گے اور وقت پر ہوں گے، حلقہ بندیاں جیسے ہی مکمل ہوں گی الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے دے گا، قوم مطمئن رہے الیکشن کمیشن انتخابات بروقت کروائے گا۔
صدر پاکستان سے متعلق سوال پر صادق سنجرانی کا کہنا تھا 9 ستمبر کو صدر مملکت کی مدت ختم ہو رہی ہے، نئے صدر کے انتخاب تک صدر مملکت اپنے منصب پر رہیں گے، نئے صدر کا انتخاب تب ہو گا جب چاروں صوبوں اور وفاق میں الیکٹرول کالج مکمل ہوگا۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت :محکمہ تعلیم کے سپرنٹنڈنٹ کو ساتھی سمیت اغواکرلیا گیا