وزیراعظم

کوئی قوت ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، وزیراعظم

ویب ڈیسک: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ چیئر لفٹ میں بچوں کو دیکھ کر بار بار اپنے بیٹے نور الحق کا چہرہ سامنے آتا رہا، چیئر لفٹ پھنسنے کی خبر سے پاکستان کے کروڑوں لوگ پریشان تھے۔ بٹگرام میں کامیاب چیئر لفٹ آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں وزیراعظم آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آپریشن میں حصہ لینے والوں کو اعزازی اسناد پیش کیں، کئی گھنٹے چیئر لفٹ میں پھنسے رہنے والے افراد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ریسکیو آپریشن میں کوئی کوتاہی ہو جاتی تو بہت بڑا نقصان ہوتا، ملک کا مستقبل بچے ہیں، ہم نے ان بچوں کو بچا کر ملک کے مستقبل کو بچایا، پاکستان اور دنیا بھر میں لوگ اس واقعے پر بے چینی کی کیفیت میں تھے، یہ بچے بھی ہمارے ہیرو ہیں جنہوں نے اس واقعے کا سامنا کیا۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ واقعے سے متعلق کچھ امیدیں اور خدشات بھی تھے، ریسکیو آپریشن کی کامیابی میں ہر پاکستانی کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے دعائیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تحفظ اور روزگار دینا ریاست کی ذمے داری ہے، کوئی قوت ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، گھر کا انتظام باصلاحیت اور با اختیار لوگوں کے پاس ہے، یہ ہمارا گھر ہے ہم کہیں نہیں جا رہے، جو سمجھتے ہیں ہمارے طرز زندگی کو بدل دیں گے وہ غلط فہمی میں ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ وزیرستان میں گزشتہ روز اہلکار شہید ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں:  تیمرگرہ کے عوام صحت سہولت پروگرام کی سہولیات کو ترس گئے