سانحہ جڑانوالہ

سانحہ جڑانوالہ سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سانحہ جڑانوالہ اور گرجا گھر نذر آتش کرنے کے کیس کو سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔
ویب ڈیسک: جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کل سماعت کرےگا، بینچ میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔18 اگست کو اقلیتی رہنما سیمیول پیارے نے جڑانوالہ واقعے پر نوٹس کے لیے متفرق درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے سانحہ جڑانوالہ کا نوٹس لینے کی استدعا کرتے ہوئےکہا گیا تھا کہ جڑانوالہ میں 16 اگست کو مذہبی اوراق سمیت چرچ کو نظر آتش کیا گیا،عدالت درخواست منظور کرتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کرے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ جڑانوالا میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچن کالونی اور عیسیٰ نگری میں گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔
رپورٹس کے مطابق جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں 19 چرچ جلائے گئے، پُرتشدد مظاہروں میں 86 مکانات کو توڑ پھوڑ کے بعد جلایا گیا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کا رفح پر حملہ،بچوں سمیت 26فلسطینی شہید