ورلڈ کپ، پاکستانی کرکٹرز کا بھارت پہنچنے پر شاندار استقبال

بھارت کی جانب سے قومی ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا، پلیئرز کو روایتی چادریں پہنائی گئیں، پھولوں کی پتیاں بھی ان پر نچھاور کی گئیں ساتھ ہی ساتھ ایئرپورٹ کے اندر سے لے کر باہر تک عوام کھڑے دکھائی دیئے جنہوں نے ہاتھوں میں محبت بھری تحریروں سے مزین بورڈز اٹھا رکھے تھے۔
ویب ڈیسک: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں شرکت کیلئے بھارت پہنچنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی فینز کی جانب سے کیے جانے والے استقبال سے متعلق دلچسپ پیغامات جاری کر دئیے۔ کپتان بابر اعظم بھی بھارت پہنچنے پر متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ حیدر آباد میں ملنے والی محبت اور سپورٹ سے حد سے زیادہ متاثر ہوا ہوں۔ محمد رضوان اور شاہین آفریدی بھی بھارت میں چند گھنٹوں کی میزبانی سے پرجوش ہیں۔
پاکستان کے سٹار باؤلر شاہین آفریدی نے بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچنے پر اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر سٹوری پر حیدرآباد بھارت کی پن لوکیشن ڈالتے ہوئے لکھا کہ اب تک بہت ہی شاندار استقبال کیا گیا ہے۔ پاکستانی کرکٹر محمد رضوان نے اپنے فینز کیلئے جاری پیغام میں لکھا کہ یہاں کے لوگوں کی جانب سے حیرت انگیز استقبال کیا گیا ہے، ہر چیز بہت ہی شائستہ تھی، اب اگلے ڈیڑھ ماہ پر نظریں مرکوز ہیں۔
قومی کھلاڑی افتخار احمد نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اور انڈیا کے ہیش ٹیگ کے ساتھ وکٹری کا نشان بناکر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ خود بھی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے باہر جاتے ہوئے وکٹری کا نشان بناتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ہری پور، شوگران روڈ پر حادثہ، طالبہ جاں بحق، 7 افراد زخمی