اتفاق و اتحاد کا درس سیرت النبی ﷺ سے ملتا ہے، ارشد حسین شاہ

ویب ڈیسک: محکمہ اوقاف، حج و مذہبی امور اور متحدہ علماء بورڈ خیبر پختونخوا کے اشتراک سے پشاور میں ایک روزہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا مقصد سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں عصر حاضر کے مسائل کے حل پر روشنی ڈالنا تھا۔ یاد رہے کہ صوبائی نگران وزیر برائے اوقاف ، حج و مذہبی امور جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔
کانفرنس کے دیگر شرکاء میں سیکرٹری اوقاف، حج و مذہبی امور ڈاکٹر اسد علی خان، چیئرمین متحدہ علماء بورڈ خیبر پختونخوا مولانا سید یوسف شاہ اور دیگر بھی شامل ہوئے جبکہ ان کے علاوہ جید علمائے کرام، مذہبی سکالرز اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیکرٹری اوقاف اسد علی خان نے اس موقع پر کہا کہ صوبے کے علمائے کرام کے ساتھ ہر موڑ پر کھڑے رہینگے۔ انہوں نے جڑانوالہ واقعہ کو انتہائی افسوس ناک واقعہ قرار دیا۔
سیکرٹری اوقاف خیبر پختونخوا اسد علی خان نے کہا کہ اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانے سے مشکلات ختم ہو جاتی ہیں۔
مولانا یوسف شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، اسلام کے اندر دہشت گردی اور ناانصافی کی کوئی گنجائش نہیں۔
مولانا یوسف شاہ نے کانفرنس میں کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دنیا میں تشریف آوری سے دنیا میں روشنی پھیل گئی، ہم فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امتی ہیں۔
نگران صوبائی وزیر ارشد حسین شاہ کا سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کانفرنس میں شرکت اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہوں، انسانی زندگی کے تمام مسائل کا حل اسوہ حسنہ میں موجود ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آپس میں بھائی چارے، اتفاق و اتحاد کا درس سیرت النبی ﷺ سے ہی ملتا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، فریقین کے درمیان فائرنگ، دو افراد جاں بحق