ورلڈ کپ، بھارت کے ہاتھوں افغانستان کو 8 وکٹوں سے بدترین شکست

ویب ڈیسک: بھارت کی میزبانی میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے نویں میچ میں میزبان ٹیم نے مدمقابل افغانستان الیون کو 8 وکٹوں سے باآسانی شسکت دےدی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے نویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارت کیخلاف میگا ایونٹ میں اپنے پہلے میچ کے دوران مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے۔
افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی اور عظمت عمرزئی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن بہتر کی، بعدازاں عظمت عمرزئی 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان حشمت اللہ 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 80 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ افغانستان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں محمد نبی 19، راشد خان 16، نجیب اللہ زادران 2 بنا سکے.
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4، ہاردک پانڈیا نے 2 جبکہ شاردل ٹھاکر اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
273 رنز کے ہدف کے جواب میں بھارت نے ابتداء میں محتاط انداز اپنایا لیکن کپتان روہت شرما کی جارحانہ بلے باز ی کی بدولت ہدف جلد ہی 2 وکٹوں پر پورا کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ بھارت نے افغان الیون کا دیا گیا 273 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 35 اوورز میں پورا کر لیا۔
بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور ایشان کشن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ایشان کشن 47 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 131 رنز بنائے اور راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ویرات کوہلی 55 رنز اور شریاس ائیر 25 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے، افغانستان کی جانب سے دونوں وکٹیں راشد خان نے حاصل کیں۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی اور صوبائی حکومت کرغزستان میں پاکستانی طلباء کیساتھ کھڑی ہے