گیس کی نایابی

موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت پشاور کے بیشتر علاقوں میں حسب سابق سوئی گیس کی دستیابی پرایک بارپھر سوال اٹھناشروع ہوگئے ہیں سوئی ناردرن گیس کی جانب سے شیڈول جاری ہوجانے کے باوجود گیس مقررہ وقت پردستیاب نہیں ہے ‘ رات کے وقت گیس کی مکمل بندش اوردن کے (مقررہ) اوقات میں انتہائی کم پریشر کے ساتھ فراہم کی جانے والی گیس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا رہتا ہے ‘ صارفین کاموقف ہے کہ ابھی توگیس ہیٹرز اور گیزر کے استعمال کی نوبت تک نہیں آئی مگراس کے باوجود انتہائی کم پریشر کے ساتھ جتنی گیس فراہم کی جاتی ہے جبکہ قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر عذاب مسلط کرنے کے لئے ایک اور ظلم ہے۔ امر واقعہ یہ ہے کہ گزشتہ سال اذان فجر سے پہلے گیس آجاتی تھی مگر اب لوگ مساجد اورگھروںمیں نمازفجر کی تیاری کے لئے بھی گیس کی عدم فراہمی کے مسئلے سے دو چار ہیں جبکہ صبح 8 بجے سے پہلے گیس بند کر دی جاتی ہے حالانکہ ناشتہ کے لئے صبح نو بجے تک گیس کی ضرورت پڑتی ہے اسی طرح دوپہر بارہ سے دو اور پھرشام ساڑھے پانچ ‘ چھ بجے سے کبھی آٹھ اور کبھی نو بجے رات تک گیس دستیاب رہتی ہے ان اوقات میں بھی اضافہ ناگزیر ہے ۔ امید ہے متعلقہ حکام اس پرتوجہ دیں گے۔

مزید پڑھیں:  مالیاتی عدم مساوات اورعالمی ادارے