ورلڈ کپ 2023ء، کیویزنے سری لنکاکو5وکٹوں سے ہرادیا

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے مدمقابل سری لنکن ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں معدوم ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت کے شہر بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آئی لینڈرز کو پہلے بیٹنگ میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور کیویز کی نپی تلی بولنگ کی وجہ سے پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 171 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا 51 رنز اور مہیش تھیکشنا 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ نے 172 رنز کا ہدف 24 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ڈیون کونوے 45، راچن رویندرا 42 اور ڈیرل مچل 43 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔
پاکستان کیلئے انتہائی اہم میچ میں سری لنکا کو شکست سے شاہینوں کیلئے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔
پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا سب سے آسان طریقہ یہی تھا کہ سری لنکا نیوزی لینڈ کو شکست دے جو پوری نہ ہو سکی۔
بھارت، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا پہلے ہی ناک آوٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، نیوزی لینڈ نے آج جیت کے بعد اپنی سیمی فائنل کی راہ ہمورا کرلی جبکہ گرین شرٹس کا آخری میچ میں جیت کے باوجود رن ریٹ کا اہم کردار ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ کو 287رنز سے شکست دینا ہو گی اور اگر انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرے تو اس کو 50 رنز پر محدود کر کے ہدف 2اعشاریہ 5 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا جو انتہائی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائِیل کا بیک وقت جنگ بندی معاہدہ اور رفاح پر حملہ، 5 بچے شہید