کاغان ناران میں برفباری، بابو سر ٹاپ ٹریفک کیلئے بند

ویب ڈیسک:بالاکوٹ وگردونواح میں بارش جبکہ بالائی پہاڑوں پر برفباری سے موسم سرد ہوگیا، دیامر پولیس کے مطابق برفباری کے بعد بابو سر ٹاپ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے، سیاحوں اور مسافروں کو متبادل شاہراہ قراقرم پر سفر کی ہدایت کی گئی ہے، بابو سر کے ساتھ ساتھ بٹہ کنڈی، جلکھڈ، جھیل سیف الملوک ودیگر مقامات پر بھی دو انچ سے زائد برفباری ہوئی ۔
ناران سے چند کلو میٹر اگے جھیل لولو سر کے مقام پر برفباری کے بعد ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد طارق خان کی ہدایت پر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اہلکاروں نے سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا بالاکوٹ میں بھی یخ بستہ ہوائوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ کے ڈی اے حکام کے مطابق شاہراہ کاغان اس وقت ناران تک مکمل طور پر بحال ہے سیاح برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لئے ناران جا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ڈالر کی گراوٹ جاری، 278 روپے 20 پیسے کا ہو گیا