یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے جنگ بندی پر حماس اور اسرائیل آمادہ

ویب ڈیسک: یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 5 روزہ جنگ بندی پر حماس اور اسرائیل آمادہ ہو گئَے۔ تفصیلات کے مطابق القسام بریگیڈز اور اسرائیل کی جانب سے 5 روزہ جنگ بندی کے بدلے یرغمال خواتین و بچوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ قطری ثالثوں کو بتایا ہے کہ ہم اسرائیل کے ساتھ 5 روزہ جنگ بندی کے بدلے غزہ میں قید 70 خواتین اور بچوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ابوعبیدہ کے مطابق قطری ثالثیوں کو واضح کیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 5 روز کے دوران مکمل جنگ بندی اور ہر انسانی امداد کی اجازت ہونی چاہیے۔
اس سے قبل القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ ہمارے جنگجو زیر زمین، زمین پر اور ملبے کے نیچے سے حملے کر کے دشمن کو سرپرائز دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جنگجو دشمن کے ٹینکوں اور بلڈوزروں کو تباہ کر رہے ہیں، اسرائیلی فوج نے صرف ایک ہی مقصد حاصل کیا ہے اور وہ قتل عام اور مظالم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایک دن یا ایک گھنٹہ بھی سکون نہیں ملے گا، دشمن اپنی جارحیت کی قیمت چکائے گا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے آئی پی ایل میں شامل برطانوی کرکٹرز طلب