غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے اسلامی ممالک کی چین میں بیٹھک

ویب ڈیسک: غزہ میں جاری خونیں جنگ روکنے کیلئے عالمی سطح پر صدائیں بلند ہونا شروع ہو گئیں اور اس میں ہر گزرتے دن کیساتھ تیزی آتی جا رہی ہے۔ سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک کے وزراء نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا اور اس حوالے سے چین میں اہم اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے وزراء کے وفد نے چین کے دارالحکومت بیجنگ کا دورہ کیا جہاں وزراء کی اہم بیٹھک ہوئِی۔ یاد رہے کہ اسے غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے اور علاقے میں انسانی امداد کی بحالی کے لیے دوروں کا پہلا قدم قرار دیا گیا ہے، اس دوران وزراء نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزراء وفد کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت رکھنے والے ممالک کے عہدیداروں سے بھی ملاقات ہوگی جس میں مغرب پر یہ زور دیا جائے گا کہ وہ اسرائیل کے اس مؤقف کو مسترد کرے کہ وہ غزہ میں اپنے حق دفاع میں حملے کررہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے اعلیٰ ترین سفارت کار سے ملنے والوں میں سعودی عرب، اردن، مصر، انڈونیشیا اور فلسطین کے وزراء سمیت او آئی سی اور دیگر حکام شامل تھے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ سعودی دارالحکومت ریاض میں بھی غزہ کے معاملے پر اسلامک عرب سمٹ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی حکومت کا الجزیرہ ٹی وی کو بند کرنے کا فیصلہ