سائفر کیس، چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل پر حکم امتناع میں توسیع

ویب ڈیسک: چیئرمین پی ٹی آئی کے سائفر کیس میں جیل ٹرائل پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم امتناع میں کل تک توسیع کر دی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل اور جج تعیناتی کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی۔
عدالت نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی روکنے کے حکم میں بھی ایک دن کی توسیع کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سیکیورٹی خدشات سے متعلق رپورٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی عدالت کے جج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن کل طلب کر لیا۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نوٹیفائی کرنے کا اعلامیہ کل پیش کر دیں۔ بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کل 11 بجے تک ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:  روس کا امریکی ٹیکٹیکل میزائل یوکرین کو دینے کا دعویٰ