الیکشن2024ء میں عوامی ووٹ کی طاقت پرہی فیصلہ ہوگا،بلاول بھٹوزرداری

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا نوشہرہ خٹک باغ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس آف پاکستان ملک میں غیر جانبدار صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں کیونکہ ایسے انتخابات کا کوئی مقصد نہیں جو جانبدار ہو۔
انہوں نے کہا کہ جانبدار اور پری پلانگ انتخابات سے بننے والی حکومت ملکی معاشی نظام بہتر بنا سکتی ہے نہ ہی اپنی آزادانہ خارجہ پالیسی تشکیل دے سکتی ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عام انتخابات میں عوامی فیصلہ بسر و چشم قبول کریگی کیونکہ پی پی پی کسی اور کی طاقت سے نہیں عوامی طاقت اور عوامی ووٹ سے ہمیشہ برسر اقتدار آئی ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی آئے گی۔
انہوں نے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو جیل میں ڈالنے والا آج خود جیل میں ہے تو ان کو بھٹو بننے کا شوق پیدا ہو گیا، آج وہ لوگ عام انتخابات میں دو تھائی اکثریت سے آنے کی بات کرتے ہیں جو ماضی قریب میں بلدیاتی انتخابات لڑنے سے کترا رہے تھے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ انتخابات 2024ء میں کسی اور کے فیصلے کو کسی صورت تسلیم کرنے کو تیار نہیں، فیصلہ ہوگا تو عوامی ووٹ کی طاقت پر ہی ہوگا کیونکہ پی پی پی ادھر ادھر دیکھنے کی عادی نہیں پی پی پی دیکھتی ہے تو صرف اور صرف عوام کی طرف دیکھتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے نوشہرہ خٹک باغ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن اور جیالے انتخابات کیلئے تیار ہیں اور انتخابی مقابلے سے بھاگ نہیں رہے بلکہ انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن انتخابات ایسے جو صاف شفاف اور غیر جانبدار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی بیروز گاری نے ڈیرے جما رکھے ہیں لیکن مجال ہے کہ اسلام آباد کو کوئی فکر ہو، پی پی پی بر سر اقتدار آکر ان تمام معاشی، اقتصادی و خارجی مسائل کے حل کو یقینی بنا کر دم لے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی پی پی کے نعرہ روٹی کپڑا اور مکان پر طنز کرنے والے ہوش کے ناخن لیں، آج ملک کی اچھی خاصی تعداد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو رہی ہے جو اس بات کی دلیل ہونے کیلئَ کافی ہے۔
انہوں نے سابق ڈویژنل صدر مرحوم لیاقت شباب کا زکر کرتے ہوئے ان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ لیاقت شباب مرحوم پاکستان پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن اور پی پی پی کے مشکل وقتوں کے ساتھی تھے۔

مزید پڑھیں:  ایران سے سیلابی ریلہ پاکستان میں داخل، مکانات منہدم، 8 افراد جاں بحق