امن و امن ہماری اولین ترجیح، اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، نگران وزیر اعلیٰ

ویب ڈیسک: صوبہ میں امن و آمان سے متعلق نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں‌صوبائی وزراء سمیت چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کےمطابق صوبہ میں امن و آمان سے وابستہ مسائل کے بارے میں منعقدہ اجلاس میں تمام امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو صوبہ بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، درپیش مسائل، پولیس اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مکمل طور پر بریفنگ دی گئی۔
اس کے ساتھ ہی ضم اضلاع میں پولیس کو مستحکم کرنے سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غورو خوض سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ امن و امن ہماری اولین ترجیح ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لئے پولیس کو تمام تر درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے لئے محکمہ پولیس کی کوشش لائق تحسین ہیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں پولیس کو مزید بہتر اور مربوط انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے، پولیس جوانوں کے مورال کو ہر قیمت پر اونچا رکھا جائے گا۔
اجلاس کے دوران نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضم اضلاع میں پولیس کی استعداد بڑھانے اور اس کے لئے فوری قابل عمل پلان ترتیب دیا جائے۔ صوبائی حکومت اس پلان پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو سزائیں دلانے کے لئے استغاثہ کے موجودہ نظام کو بہتر بنانے پر کام کیا جائے۔
یاد رہے کہ آج پشاور کے پر رش مقام ورسک روڈ پر دھماکہ ہوا جس میں 6 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  ایسٹرا زینیکا نے مضر صحت اثرات کی تشخیص پر اپنی ویکسین واپس منگوا لی