سوات،محکمہ تعلیم کوماموں بنانے والا استاد،تعلیمی اسناد جعلی نکلیں

ویب ڈیسک: بارہ سال تک محکمہ تعلیم سوات کو ماموں بنانے والے استاد کی جعلی اسناد پکڑی گئیں۔ سلیم خان بارہ سال قبل جعلی سرٹیفیکیٹ پر ڈرائنگ ماسٹر کی پوسٹ پر بھرتی ہوا تھا۔ بارہ سال سے حکومتی خزانہ سے تنخواہ وصول کرتا رہا اور ترقی پاتا رہا۔ ریکارڈ کے مطابق اس نے سوات تعلیمی بورڈ سے پہلی بار 2002ء میں میٹرک اور 2004ء میں ایف اے کیا تھا۔ ریکارڈ کے مطابق اس نے 2007ء میں بھی سوات تعلیمی بورڈ سے دوبارہ میٹرک اور2009ء میں ایف اے کیا تھا۔ سوات تعلیمی بورڈ نے اس کو میٹرک اور ایف اے کے دو دو سرٹیفکیٹ جاری کئے تھے۔ بارہ سال بعد جب محکمہ تعلیم نے انکوائری شروع کی، تو سوات تعلیمی بورڈ نے 2007ء اور2009ء میں ان کی میٹرک اور ایف اے کی اسناد منسوخ کردیں۔ سوات تعلیمی بورڈ نے بھی اس کیس میں عجیب کارنامہ سر انجام دیکر ایک شخص کو میٹرک اور ایف اے کے دو دو اسنادجاری کی ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کے ڈپٹی اے ڈی او فضل خالق سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مشرق کی خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد ان کو ملازمت سے بھی برخاست کیا جائیگا اور ان سے بارہ سال کی تنخواہ و مراعات کی ریکوری بھی کی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  جناح ہاؤس حملہ کیس میں یاسمین راشد، عمر سرفراز کی ضمانت منظور