جامعہ پشاور میں بڑے

جامعہ پشاور میں بڑے پیمانے پرتبادلے، انتظامی حلقوں کا تحفظات کا اظہار

ویب ڈیسک: پروفیسرڈاکٹر سلیم ہوید نے وائس چانسلر کا چارج سنبھالتے ہی پشاور یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پرتبادلے کر دئیے۔ بعض اہم عہدوں پر جونیئر افسران کی تعیناتی پر اساتذہ اور انتظامی حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
جامعہ پشاور کے وائس چانسلر کی منظوری سے رجسٹرار آفس سے جامعہ پشاورمیں بڑے پیمانے پرتبادلے مختلف اعلامئے جاری کئے گئے جن کے مطابق رجسٹرار کے اضافی چارج پر تعینات سیف اللہ خان کو ٹرانسفر کر کے منیجر آف ریسرچ آپریشن اوریک بھیج دیا گیا۔
اعلامئے کے مطابق رجسٹرار آفس کی اضافی ذمہ داریاں چیئرپرسن جیالوجی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر فیاض علی کو تفویض کی گئی جبکہ ایکٹنگ کنٹرولر امتحانات اور ٹریژرر آفس کی اضافی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد عائشہ سلمان کو بطور ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی انہانسمنٹ بھیج دیا گیا۔
اعلامئے کے مطابق ڈاکٹر امجد امین کو ٹریژرآفس اور ظہور احمد کو ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔
ڈاکٹر ارشد علی کو ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ کے عہدے سے ہٹا کر اس کی جگہ ڈاکٹر محمد نعیم بٹ کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔ اسی طرح پروفیسر ڈاکٹرحزب اللہ کو کنٹرولر امتحانات کی ذمہ داری تاحکم ثانی تفویض کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پولیو خاتمے کیلئے صوبائی حکومت نئے عزم کے ساتھ کام کررہی ہے،علی امین گنڈا پور