پاکستانی ایوارڈ یافتہ فلم ‘ان فلیمز’ آسکر میں جگہ بنانے میں ناکام

عالمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم "ان فلیمز” آسکر ایوارڈ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
ویب ڈیسک: فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر نے آئندہ سال مارچ میں ہونے والے 96 ویں سالانہ ایوارڈز کے لیے 10 کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کی گئی فلموں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔
پاکستانی جیوری نے ’ان فلیمز‘ کو آسکر ایوارڈز کے لیے رواں سال اکتوبر میں فیچر کیٹیگری کے لیے شارٹ لسٹ کیا تھا تاہم اکیڈمی ایوارڈ کی جانب سے جاری کردہ شارٹ لسٹ میں پاکستانی فلم جگہ بنانے میں ناکام ہو گئی۔
ضرار خان کی ہدایت کاری میں بننے والی پاکستانی کینیڈین ہارر فلم کا مقابلہ دنیا کی 150 سے زائد فلموں سے تھا لیکن اب عالمی فیچر فلم کے ایوارڈ کے لیے 10 ممالک کی فلموں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
ضرار خان کے قلم سے پیش کردہ اس فلم کی کہانی مریم اور اس کی والدہ کے گرد گھومتی ہے، مریم میڈیکل کی طالبہ ہے اور اپنی والدہ فرح اور چھوٹے بھائی کے ساتھ کراچی کے ایک چھوٹے سے فلیٹ میں رہتی ہیں جبکہ اس کے والد قرضوں کے بوجھ تلے وفات پا چکے ہوتے ہیں۔
ایسے میں اس کے چچا قرض داروں کو ان کا قرض لوٹانے کی پیشکش کرتے ہیں اور آہستہ آہستہ مریم اور اس کے اہل خانہ کو ان کے گھر سے بے دخل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
فلم میں کوئی بھی گلیمر یا گانا موجود نہیں، اس کی کہانی انتہائی سادہ مگر آرٹ سے بھرپور ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے ساتھ جڑے رہنے پر مجبور کرتی ہے۔
واضح رہے کہ آسکر کی دوڑ سے نکلنے والی پاکستانی فلم "ان فلیمز” متعدد عالمی ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہے جس میں رواں ماہ کے آغاز میں سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہونے والے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم کے لیے "گولڈن یسر” ایوارڈ بھی شامل ہے جبکہ اس فلم کو متعدد فلمی میلوں میں بھی دکھایا جا چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستانی اینی میٹڈ فلم دی گلاس ورکر کی کانز فلم فیسٹیول میں نمائش