معروف بولی ووڈ سٹار ارباز خان کی میک اپ آرٹسٹ شوریٰ خان سے شادی

بالی ووڈ کے معروف اداکار و فلمساز ارباز خان نے میک اپ آرٹسٹ شوریٰ خان سے دوسری شادی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز خان اور شوریٰ خان کے نکاح کی تقریب گزشتہ روز ممبئی میں منعقد ہوئی تھی، شادی کی تقریب میں ارباز خان کے اہلِ خانہ کے علاوہ ان کے قریبی دوستوں نے بھی شرکت کی۔
نکاح کے خاص موقع پر شوریٰ خان نے ہلکے گلابی رنگ کے خوبصورت عروسی لباس کا انتخاب کیا جبکہ ارباز خان نے اپنی دلہنیا کے لہنگے سے ملتا جلتا گولڈن رنگ کا لباس زیب تن کیا۔
ارباز خان نے اپنی اور شوریٰ خان کی شادی کی تصاویر اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں جس کے کیپشن میں اُنہوں نے لکھا کہ ہمارے پیاروں کی موجودگی میں، ہم اپنی زندگی بھر کی محبت کا آغاز کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید لکھا کہ ہمارے خاص دن پر آپ کی دعاؤں اور نیک خواہشات کی ضرورت ہے۔
بالی ووڈ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے ارباز خان اور شوریٰ خان کو شادی کی مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ شوریٰ خان بالی ووڈ میک اپ آرٹسٹ ہیں، ارباز خان اور شوریٰ خان کی پہلی ملاقات نئی آنے والی فلم ’پٹنہ شکلا‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی جہاں سے ان دونوں کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوا۔
واضح رہے کہ ارباز خان کی پہلی شادی ملائکہ اروڑا سے دسمبر 1998 میں ہوئی تھی جو 19 سال بعد ختم ہوگئی تھی، اس جوڑے کا ایک 21 سالہ بیٹا ارہان بھی ہے۔