جے یو آئی میں اختلافات، ناراض کارکنان کوکاغذات واپس لینے کی ہدایت

ویب ڈیسک: ٹکٹس کی تقسیم پر معترض جمعیت کے ناراض کارکنان کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت۔ ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم پر جے یو آئی میں پیدا ہونے والے اختلافات پر پارٹی عہدیداروں نے ٹکٹوں کی تقسیم پر اعتراض کرنے والے افراد کو پارٹی کی مرکزی کابینہ کو درخواست کرنے اور پارٹی امیدوار کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کردی ہے۔
جمعیت علماءاسلام پاکستان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی اور قومی اسمبلیوں کی ٹکٹیں جاری کرنے پر مختلف اضلاع سے پارٹی کے کارکنوں اور تنظیمی عہدیداروں کی جانب سے اعتراضات کئے گئے ہیں اور بعض حلقوں میں کارکنوں نے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا رکھے ہیں۔
اس کے ساتھ پارٹی نے مذکورہ امیدواروں کی درخواستوں پر غور نہیں کیا ہے جس پر یہ کارکن ناراض ہوئے ہیں اور زیادہ تر نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا ارادہ کیا ہے۔
ان اختلافات کی وجہ سے جے یو آئی کو الیکشن میں ووٹ تقسیم ہونے کا خطرہ ہے اس وجہ سے صوبائی امیر سینیٹر عطاءالرحمن کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ کارکنوں نے جماعت اور علاقہ کے وسیع تر مفاد میں الیکشن کیلئے کسی دوست، استاد، شاگر دیا عزیز یا علاقے کی کسی معزز شخصیت کیلئے ٹکٹ کی کوشش کی ہوگی لیکن پارٹی دستورمیں ٹکٹ کیلئے امیدواروں کی نامزدگی مرکزی کابینہ کا اختیار ہے۔
انہوں نے پیغام میں مزید کہا کہ اس تناظر میں اعتراض کنندہ کابینہ کو درخواستیں دے سکتے ہیں اور کئی افراد نے درخواستیں جمع کرائی بھی ہیں۔ صوبائی امیر کی جانب سے پارٹی کے نامزد امیدوار کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی امیر کے حتمی فیصلے کا انتظار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ، اسلحہ ہاتھ میں پکڑے ٹک ٹاک بنانے والا نوجوان گرفتار