بھارت مسلم دشمنی

بھارت کی مسلم دشمنی، سٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ تنظیم پر پابندی عائد

ویب ڈیسک: بھارت نے مسلم دشمنی کی حد کر دی ہے۔ سٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا نامی تنظیم پر پانچ سال کے لئے پابندی عائد کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے ایک روز قبل جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں سٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا پر پابندی عائد کرنے کی 29 وجوہات بیان کی ہیں،
ان وجوہات میں ایس آئی ایم آئی کے سابق کارکنوں کیخلاف گزشتہ پانچ برس میں 17 مقدمات کا اندراج، 2006ء سے 2014ء کے دوران تنظیم کے 11 افراد کو جرائم کی وجہ سے سزائیں ہونا شامل ہے۔
بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ایک مقدمہ درج کیا جس میں چند افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے 2022ء میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے موقع پر خلل پیدا کرنے کی سازش کی،
ایک اور مقدمہ ایس آئی ایم آئی کے سابق نیشنل جنرل سیکرٹری ثاقب نچن کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ مسلمانوں کو جہاد کیلئے تیار کرنے میں ملوث ہیں۔
وزارتِ داخلہ نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ ایس آئی ایم آئی بھارت کی سکیورٹی اور خودمختاری کو نقصان پہچانے کیلئے دہشت گردی کو بھڑکانے اور مختلف کمیونیٹیز کے درمیان ہم آہنگی اور امن کو سبوتاژ کرنے میں ملوث ہے،
واضح رہے کہ بھارت میں اس تنظیم کو 2001ء میں پہلی مرتبہ انسدادِ دہشت گردی کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت غیرقانونی تنظیم قرار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  مظفر آباد میں حالات کشیدہ،فائرنگ سے 2مظاہرین جاں بحق