چارسدہ، این اے 24 اور 25 پر اے این پی اور کیو ڈبلوی پی میں اتحاد

ویب ڈیسک: چارسدہ کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی آئی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی نے این اے 24 اور 25 پر سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اعلان کیا ہے۔آفتاب شیر پاﺅ کے مقابلے میں اے این پی کے امیدوار دستبردار ہو گئے۔
ایمل ولی خان کے مقابلے میں قومی وطن پارٹی کا امیدوار بھی دستبردار ہو گیا۔ قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پاﺅ اور اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختونوں کے عظیم تر مفاد اور صوبائی خود مختاری کے لئے دونوں پارٹیوں نے قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر انتخابی اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلہ کے مطابق این اے 24 پر اے این پی کے امیدوار عرفان عالم قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب شیر پاﺅ کے حق میں دستبردار ہو گئے جبکہ این اے 25 پر قومی وطن پارٹی کے امید وار قیصر جمال اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کے حق میں دستبردار ہو گئے۔
اس موقع پر دستبردار ہونے والے دونوں حلقوں کے امیدوار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دونوں قائدین کا کہنا تھا کہ انتخابی اتحاد کے دوررس اور مثبت نتائج برآمد ہونگے اور صوبے کے حقوق کے لئے مستقبل میں بھی ایک ساتھ کام کریںگے۔
انہوں نے کہا کہ پختونوں کے حقوق کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے اور اٹھارویں ترمیم سمیت دیگر ایشوز پر بھی مل جل کر کام کرینگے۔
یاد رہے کہ چارسدہ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 24 اور 25 پر اے این پی اور کیو ڈبلیو پی میں اتحاد ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  جمرود، کوکی خیل قبیلے کا تیراہ متاثرین کی باعزت واپسی کا مطالبہ