پشاور میں دن دیہاڑے راہزنی، مسلح راہزن 32 لاکھ روپے لے اڑے

ویب ڈیسک: پشاور میں دن دیہاڑے راہزنی کی وارداتیں، عوام خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے، ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے کوہاٹ روڈ پر تین مسلح افراد نے دن دیہاڑے نجی فوڈ کمپنی کے کیشیئر سے 30لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے جبکہ جی ٹی روڈ پر بھی راہزنی کی واردات کے دوران 2لاکھ سے زائد چھین لیے گئے۔
تھانہ بھانہ ماڑی کو محمد عادل ولد عبداللہ خان نے رپورٹ کی کہ وہ محلہ فتح خان خیل لنڈی ارباب کا رہائشی ہے اور رنگ روڈ پر نجی فوڈ کمپنی کا ڈسٹری بیوٹر ہے۔
گزشتہ روز اس نے کیشیئر محمد پرویز ولد محمد زمان ساکن بھانہ ماڑی کو 30لاکھ روپے دیئے کہ وہ اسے نجی بینک میں جمع کروائے جبکہ اس کے ساتھ ڈرائیور نذیر احمد بھی تھا۔ جب وہ صبح تقریبا 10بجے کوہاٹ روڈ نزد کے ڈی ایف برانچ پہنچے اور گاڑی کھڑی کرکے بینک کے اندر جارہے تھے تو اس دوران موٹرسائیکل پر سوار3مسلح افراد نے کیشیئر محمد پرویز سے بیگ زبردستی چھین لی جس میں رقم موجود تھی اور رامداس بازار کی طرف فرار ہو گئے۔
ادھر خان غالب ساکن شاہ عالم پل نے بتایا کہ وہ میڈیسن کمپنی میں ڈیلیوری کا کام کرتا ہے ، وہ فرمان اللہ ڈرائیور کے ساتھ پبی گیا تھا۔
وہاں پر انہوں نے میڈیسن سٹورز سے 2لاکھ 5ہزار روپے لیے اور پشاور آرہے تھے تو جی ٹی روڈ پر فیفا انسٹیٹیوٹ کے قریب مسلح افراد نے انہیں زبردستی روکا اور رقم چھین کر تارو جبہ کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج پر کام شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ دن دیہاڑے راہزنی کی وارداتوں کی وجہ سے شہریوں میں‌خوف پھیلنے لگا ہے.

مزید پڑھیں:  تنگی چیئرمین شپ انتخابات، قومی وطن پارٹی نے نتائج مسترد کر دیئے