صدارتی انتخاب

صدارتی انتخاب:اتحادیوں نے آصف زرداری کے نام کی توثیق کردی

ویب ڈیسک: صدرپاکستان کے انتخاب کے لئے تیاریاں جاری ،ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی جماعتوں نے آصف زرداری کے نام کی توثیق کردی ۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان کے انتخاب کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔
عشائیے میں صدر کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو اور ان کی جماعت کے اراکین شامل ہوئے، ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال اور عبدالحفیظ شیخ نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عوان چوہدری اور دیگر بھی شریک ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور دیگر لیگی ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر مصطفی شاہ بھی شریک ہوئے۔ عشائیہ کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے تمام ارکان کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔
عشائیے میں وزیراعظم شہباز شریف نے آصف زرداری کو صدارت کے عہدے کے لئے ایک بار پھر نامزد کیا جس کی تمام شریک اتحادی جماعتوں نے توثیق کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے آصف علی زرداری کو ووٹ دینا ہے اور متحد ہوکر ملک کی تقدیر بدلنی ہے، اس وقت ملکی معیشت مشکلات کا شکار ہے، سب مل کر اپنا اپنا حصہ ڈالیں گے تو بحران ختم ہو گا۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستیں، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی