حیض آنا بند ہوجانے والی خواتین کے لیے کیا چیزیں نقصان دہ ہیں؟

ایریزونا: ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ خواتین جو حیض کی عمر سے گزر چکی ہیں اور وٹامن ڈی اور کیلشیم سپلیمنٹس لیتی ہیں ان میں دل کی بیماری سے مرنے کا خطرہ زیادہ ہوجاتا ہے۔
اینالز آف انٹرنل میڈیسن جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی اور کیلشیم سپلیمنٹس کینسر سے مرنے کے امکانات کو اگرچہ 7 فیصد کم کرتے ہیں لیکن خواتین میں مہلک امراضِ قلب کے امکانات 6 فیصد تک بڑھا بھی دیتے ہیں۔
امریکا کی ایریزونا یونیورسٹی میں ہیلتھ سائنسز کی پروفیسر اور سرکردہ محقق سنتھیا تھامسن نے کہا کہ کیلشیم سپلیمنٹس سے شریانوں میں کیلشیم کی زیادتی ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے امراض قلب سے ہونے والی موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اگرچہ مطالعے میں کومبو سپلیمنٹس کا خواتین میں کینسر کے خطرے کے حوالے سے تھوڑا فائدہ بھی پایا گیا تاہم اس سے دل کی مہلک بیماری کی بھی نشاندہی کی گئی۔
محققین نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ان نتائج کے علاوہ روزانہ کیلشیم اور وٹامن ڈی سپلیمنٹس لینے سے بڑی عمر کی خواتین میں گردے کی پتھری کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت