وزیر داخلہ

وزیر داخلہ کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات،دہشتگردی ختم کرنےکا عزم

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے درمیان ملاقات، دہشت گردی ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کیلئے وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور پہنچ گئے ،دونوں کے مابین امن و امان کے لیے وفاق اور صوبائی سطح پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے درمیان کوآرڈی نیشن بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں گزشتہ روز چینی باشندوں پر حملے کی مذمت بھی کی گئی ۔
بشام واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے اور دہشتگردی ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ امن وامان صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ،لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اولین مقصد ہے،صوبے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ،خیبر پختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبہ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کے عناصر قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے ہم پوری طاقت سے ملک دشمنوں کو جواب دیں گے۔

مزید پڑھیں:  ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی پی ٹی آئی کومذاکرات کی پیش کش