لکی مروت، انڈس لائی وے پر حادثات، 10 افراد جاں بحق، 50 زخمی

ویب ڈیسک: ضلع لکی مروت میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے دو الگ الگ الگ واقعات رونما ہوئے جن میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ انڈس ہائی وے پر خان کوٹ تاجہ زئی کے قریب پیش آیا۔
اس واقعہ میں عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے بچے اور نوجوان پک آپ میں سوار سیر کیلئے جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے آتے لوڈر رکشہ سے ٹکرا گئے۔
ذرائع کے مطابق اس حادثے میں 8 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 40 کے قریب افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ کے بعد ریسکیو اور مقامی افراد نے مل کر زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لکی مروت منتقل کر دیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثہ میں 13 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جنہیں فوری طور پر بنوں اور پشاور منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لکی مروت میں پیش آنیوالا دوسرا واقعہ بھی انڈس ہائی وے پر ہی پیش آیا۔
اس موقع پر کرم پل کے قریب مسافر وین موٹر کار سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق زخمی ہونیوالوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
حادثہ کے بعد ریسکیو میڈیکل ٹیم نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کر دیا جہاں 4 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں بنوں منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ عید کے دوسرے دن ضلع لکی مروت میں مختلف حادثات کے دوران 10 افراد جاں بحق ہو گئے.

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوامیں میٹرک امتحانات کی شفافیت کیخلاف پروپگنڈا گمراہ کن قرار