فرانس یوروکپ ٹائٹل کی دوڑسےباہر

فرانس یوروکپ ٹائٹل کی دوڑسےباہر، سپین کی فائنل میں انٹری

یورو کپ فیصلہ کن مرحلہ میں داخل، فرانس یوروکپ ٹائٹل کی دوڑسےباہر ، سپین نے فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔
ویب ڈیسک: فرانس یوروکپ ٹائٹل کی دوڑسےباہر ہو گیا۔ پہلے سیمی فائنل میں سپینش ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کر کے مدمقابل فرانس کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-2 سے ہرا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔
جرمن شہرمیونخ میں کھیلے جانیوالے یوروکپ کے پہلے سیمی فائنل میں سپین اور فرانس کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ فرانس کے رنڈال کولو نے میچ کے 8ویں منٹ میں گول کرکے سپین کے خلاف برتری حاصل کی۔
ابھی فرانس کی اس برتری کو زیادہ دیر نہ ہوئی تھی کہ سپینش ٹیم کے 16 سالہ لامین یمل نے میچ کے 21 ویں منٹ میں گول کر کے سکور 1-1 سے برابر کر دیا۔
یاد رہے کہ سپین کے لامین یمل یوروکپ کی تاریخ میں گول سکور کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ یورپین چیمپئن شپ میں اس سے پہلے کم عمر ترین سکورر سوئس کھلاڑی یوہان وونلانتھن تھے جنہوں نے 2004 کے یوروکپ میں 18 سال کی عمر میں فرانس کے خلاف گول سکور کیا تھا۔
مقابلہ 1-1 سے برابر ہونے کے بعد سپین نے ایک بار پھر سے اٹیکنگ گیم شروع کر دی ، اس دوران میچ کے 25 ویں منٹ میں ڈینیئل اولمو نے شاندار گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی، 1-2 کی برتری میچ کے مقررہ وقت ختم ہونے تک برقرار رہی۔
اس دوران فرانس کی جانب سے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور کئی سکورنگ موو بنائے لیکن گول سکور نہ کر سکے تاہم سپین نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر یورو کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
یاد رہے کہ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ انگلینڈ اور ہالینڈ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے بعد ہوگا۔

مزید پڑھیں:  ہری پور :اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو یرغمال بنانے والے ملزمان گرفتار