محکمہ اوقاف کی جائیدادوں

محکمہ اوقاف کی جائیدادوں کی جی آئی ایس میپنگ کا فیصلہ

محکمہ اوقاف کی جائیدادوں کی جی آئی ایس میپنگ اور ضعیف قرآنی نسخے محفوظ بنانے کے لیے قرآن محل تعمیر کرنے کا فیصلہ، رحمۃاللعالمین کانفرنس منعقد کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کی جانب سے 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیرصدارت اجلاس میں محکمہ اوقاف جائیدادوں کی جی آئی ایس میپنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو محکمہ اوقاف کے انتظامی امور، مالی معاملات اور جائیدادوں کی لیز پالیسی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ضعیف قرآنی نسخے محفوظ بنانے کے لیے قرآن محل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ قرآن محل اسلامی طرز تعمیر کا خوبصورت نمونہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے صوبہ بھر میں رحمۃاللعالمین کانفرنس منعقد کرنے کیلئے انتظامات کی ہدایات دیتے ہوئے اس سلسلے میں 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔
اجلاس میں صوبہ بھر میں اوقاف جائیدادوں کی جی آئی ایس میپنگ اور عدالتوں میں وقف جائیدادوں کے کیسز کی پیروی کیلئے لاء فرم ہائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
جی آئی ایس ایک ایسا سسٹم ہے جو ڈیٹا بیس کی مدد سے معلومات کا جائزہ لینے اور کسی بھی لوکیشن کی معلومات فراہم کرنے میں معاونت کرتا ہے۔ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ کونسی جائیداد کہاں اور کب کس کے حوالے کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں میں مزید 40فلسطینی شہید