سکول کھانا پروگرام

خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری پرائمری سکولوں میں” سکول کھانا پروگرام ” شروع کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے بڑا اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری پرائمری سکولوں میں ”سکول کھانا پروگرام ” شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں سرکاری پرائمری اسکولوں میں ”سکول کھانہ پروگرام”شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
مجوزہ پروگرام کے تحت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹر کے پرائمری اسکولوں میں بچوں کو مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔
ابتدائی طور ایبٹ آباد اور سوات میں بطور پائلٹ پراجیکٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا،بعد میں پروگرام کو صوبے کے دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی شروع کیا جائے گا۔
پروگرام کے تحت کم و بیش 70 ہزار بچوں کو روزانہ مفت اور معیاری کھانا فراہم کرنے کی تجویز ہے،سالانہ 50 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
مجوزہ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے محکمہ سماجی بہبود اور نجی فلاحی تنظیم کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔
اجلاس میں پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں پیشرفت کے لئے محکمہ تعلیم اور سماجی بہبود کے حکام پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی تمام جزئیات کو حتمی شکل دے کر حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کو پیش کرے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پروگرام موجود صوبائی حکومت کا ایک اور اہم فلاحی اقدام ہے جس کے تحت سرکاری اسکولوں کے بچوں کو مفت اور معیاری کھانا فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اقدام سے سرکاری اسکولوں میں انرولمنٹ کو بڑھانے میں مدد ملے گی،صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ لوگوں پر زیادہ سے زیادہ وسائل خرچ کرنا عمران خان اور پی ٹی آئی کے وژن کا حصہ ہے۔
موجود صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق اس طرح کے مزید فلاحی منصوبے بھی شروع کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے لائحہ عمل کو جلد سے جلد حتمی شکل دیں۔

مزید پڑھیں:  فیملی کورٹ ججز کو 18 نئی گاڑیاں حوالے کر دی گئیں