زخموں پر نمک

خیبر پختونخوا لہولہان،وزیردفاع زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں : بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا لہو لہان ہے لیکن وزیردفاع پختونوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں ۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف ملکی سیاست کی پھپھے کٹنی بن چکا ہے، خیبر پختون خوا حکومت پر دہشت گردی کی ذمہ داری ڈالنا وفاقی حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض میں ناکامی دوسروں کے سر ڈالنا وفاقی حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے، اگر یہ جنگ صوبوں نے ہی لڑنی ہے تو آپ کیا تبرک بانٹنے کیلئے وزیر دفاع بنے بیٹھے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے عوام کا خون بہہ رہا ہے، خیبر پختون خوا لہو لہان ہے لیکن یہ شخص پشتونوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عزم استحکام معاملے پر خواجہ آصف کو اپنے ہی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جھوٹا ثابت کیا تھا، خواجہ آصف ملکی سیکیورٹی جیسے اہم معاملات پر بھی سیاسی بیان بازی سے باز نہیں آتے ہیں۔
ڈاکٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ وزارت دفاع کی دو باریاں خواجہ آصف نے لیں مگر دہشت گردی کے الزامات خیبر پختون خوا پر لگارہے ہیں، خواجہ آصف جعلی فارم 47 حکومت کی نااہلی چھپانے کے لئے ایسا کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کو پتہ ہے کہ دہشت گردی کراس بارڈر مسئلہ ہے، ملکی سرحدات کی حفاظت وزارت دفاع کی ذمہ داری ہے، بارڈر کا انتظام وانصرام وفاقی ادارے سنبھالتے ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ مینڈیٹ چور سرکار ملک میں حالیہ دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، وفاق میں جعلی طور پر براجمان سرکار پی ٹی آئی کے خلاف بیان بازی کے بجائے ملکی دفاع پر توجہ دیں۔

مزید پڑھیں:  اپنی آزادی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، شہباز شریف