سی آر بی سی مین کینال

وزیراعلیٰ کی سی آر بی سی مین کینال صوبائی حکومت کو دینے کیلئے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے سی آر بی سی مین کینال کوصوبائی حکومت کودینے کے حوالے سے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری آبپاشی کے علاوہ محکمہ آبپاشی اور واپڈا کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سی آر بی سی مین کینال کو واپڈا سے صوبائی حکومت کے حوالے کرنے سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں قابل عمل تجاویز اورسی آر بی سی کو سیلابوں سے محفوظ بنانے کے لئے پروٹیکشن ورک کا ٹینڈر جلد از جلد جاری کرنے کی بھی ہدایت کردی ۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سی آر بی سی کو سیلابوں سے محفوظ بنانے کے لیے پروٹیکشن ورک ضروری ہے،صوبائی حکومت پروٹیکشن ورک کے لئے 62 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دے چکی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سی آر بی سی مین کینال کی بحالی اور بھل صفائی کے لئے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے درجات تمام فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔
اجلاس کو تکمیل کے قریب سمال ڈیمز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کرک میں لتمبر ڈیم پر سول ورک سو فیصد مکمل ہو گیا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جڑوبہ ڈیم نوشہرہ پر 96 فیصد کام مکمل کر لیا گیا، پیزو ڈیم لکی مروت، مخ بانڈہ اور ضمیر گل ڈیم کوہاٹ پر بھی خاطر خواہ پیشرفت ہے، وزیراعلی نے تکمیل کے قریب ڈیموں کے لیے تمام فنڈز فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی نے کہا کہ جو منصوبے تکمیل کے قریب ہیں انہیں فوری طور پر مکمل کیا جائے، اس مقصد کے لئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ فیصلہ : توشہ خانہ 2 اور القادر ٹرسٹ کیس ختم ہوگئے، بیرسٹر گوہر