تنخواہوں میں مزید اضافے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافے کا فیصلہ، گریڈ 16 تک تنخواہوں میں 25 فیصد، گریڈ 17 اور زائد کی تنخواہوں میں 20 فیصد جبکہ پنشن میں بھی 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے بڑھتی مہنگائی سے پریشان سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافے کا فیصلہ کر لیا۔
حالیہ بجٹ میں گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جسے بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ صوبائی حکومت کی جانب سے گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ جبکہ پنشن بھی مزید 10 فیصد بڑھائی جائے گی۔
خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے گریڈ ون سے 16 تک کے ملازمین کیلئے 25 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر کیلئے 20 فیصد جبکہ پنشن 15 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرز پر خیبرپختونخوا کابینہ نے بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے مزید بتایا کہ تنخواہوں میں اضافے کا اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا، تنخواہوں میں اضافے سے صوبے کے خزانے پر 75 سے 80 ارب روپے کا مزید بوجھ پڑے گا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کو بیرونی دشمنوں سمیت کرپٹ اشرافیہ سے بھی محفوظ بنانا ہے،بیرسٹر سیف