وزیر اعلیٰ کا بٹن

وزیر اعلیٰ کا بٹن میرے ہاتھ میں ،جب چاہوں آف کرسکتا ہوں: گورنر خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا بٹن میرے ہاتھ میں ہے جس دن چاہوں آن آف کرسکتا ہوں،علی امین گنڈا پور کو مناظرے کا چیلنج بھی دے دیا ۔
مانسہرہ میں ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی خود کوئی عزت نہیں اورمجھے ہتک عزت کا نوٹس بھیج رہے ہیں،وزیر اعلیٰ کی طرف سے دیئے گئے ہتک عزت نوٹسز کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت امن عامہ کی سنگین صورت حال پر اسمبلی کا ان کیمرہ اجلاس جلد بلائے، پی ٹی آئی حکومت اپنے ممبران اسمبلی کو ہی صوبے کی مخدوش صورت حال پر آگاہی دینے میں ناکام ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کو چیلنج دیتا ہوں کہ وہ اپنی پارٹی کے دور حکومت کے دس سالہ کارکردگی پر مجھ سے مناظرہ کریں، چاہیں تو چینل اور اینکر اپنی مرضی کے لے کر آئیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، گورنر رول کا نفاذ کر کے اسے سیاسی شہید نہیں بننے دیں گئے ،صوبے میں لاقانویت عروج پر ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ابھی تک ممکن نہیں ہو سکا ہے، صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس بنوں واقعے کے بعد بھی نہ بلایا جا سکا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاست دان ہیں وہ پی ٹی آئی سے اپنا انتقام لے رہے ہیں جے یو آئی کا مینڈیٹ پی ٹی آئی نے چوری کیا ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کے بارے بیرسٹر گوہر ابتدا ہی میں منحرف ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت اور بنوں میں دہشتگرد سمیت 3 افراد جاں بحق