حکومت ربڑ سٹیمپ

پارلیمان مفلوج، حکومت ربڑ سٹیمپ کا کردار ادا کر رہی ہے، ایمل ولی خان

ویب ڈیسک: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پر پابندی حکومت کا فیصلہ نہیں، پارلیمان مکمل مفلوج، حکومت ربڑ سٹیمپ کا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ ن موجودہ حالات میں وہ سہولت کاری کر رہی ہے جو اسے قطعی نہیں کرنی چاہيئے۔ ان حالات میں پارلیمان مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔
مرکزی صدر اے این پی کا کہنا تھا کہ پارلیمان کے مفلوج ہونے کی وجہ اصل نمائندوں کی بجائے ربڑ سٹیمپس کا پارلیمان میں موجود ہونا ہے۔ اسی وجہ سے پاکستان کی موجودہ صورتحال ایک خطرناک موڑ پر جا پہنچی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذاتی اناؤں اور انا پرستی کی وجہ سے پاکستان اس وقت ایک آئینی بحران سے دوچار ہے جو مزید بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ ایک فیصلہ کرتی ہے اور اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو ملک کیسے چلے گا؟ ایسا قطعی نہیں ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ یہ نہيں ہوسکتا کہ جو فیصلے پسند ہوں مانے جائیں اور جو ناپسند ہوں نا مانے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ آپکی حمایت میں ہو تو آپ سپریم کورٹ کو بھی آنکھیں دکھاتے ہیں اور جونہی حمایت ختم تو ایک دن میں آپ کو گھر بھیج دیتی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں وفاق کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ پوری زندگی آپ حکومت میں نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ جو کررہے ہیں کل ان کے ساتھ بھی یہی ہوگا۔ وفاق کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج آپ ایک پارٹی پر پابندی لگاتے ہیں، کل کسی اور پارٹی کی حکومت ہوگی اور یہی ہتھکنڈے آپ کے خلاف استعمال کئے جائِیں گے۔
موجودہ حالات کے بارے میں تذکرہ کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ ان ساری باتوں سے نکل کر وفاقی حکومت کو ملک کو آئینی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی حکومت کا فیصلہ نہیں، پارلیمان مکمل مفلوج، حکومت ربڑ سٹیمپ کا کردار ادا کر رہی ہے، وفاق کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں.

مزید پڑھیں:  پشاور، پولیس اہلکار کی خودکشی کا ڈراپ سین، بیوی قاتل نکلی