باب دوستی پر پیدل آمدورفت بحالی

باب دوستی پر پیدل آمدورفت بحالی میں افغان بارڈر حکام ٹانگ اڑانے لگے

چمن بارڈر پر پیدل آمدورفت تاحال بحال نہ ہو سکی، باب دوستی پر پیدل آمدورفت بحالی میں افغان بارڈر حکام ٹانک اڑانے لگے ہیں اور پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈ پر افغانستان داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
ویب ڈیسک: باب دوستی پر پیدل آمدورفت بحالی میں افغان بارڈر حکام مسائل پیدا کرنے لگے ہیں اور پاکستان کی جانب سے اجازت کے باوجود یہ آمدورفت بجال نہیں ہو پا رہی۔ دونوں جانب شہریوں کا رش بڑھنے لگا ہے۔
لیویز حکام کے مطابق پاکستانی تاجر اور محنت کش افغانستان جانے کے لیے باب دوستی پہنچے مگر افغان بارڈر حکام کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈ پر افغانستان داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں مقامی افغان شہری بھی تذکیرہ پر پاکستان داخلے کےلیے افغان حدود میں جمع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ باب دوستی بارڈر پر پیدل آمدورفت کیلئے دونوں جانب بڑی تعداد میں پاک افغان تاجر اور محنت کشوں کی قطاریں لگنے لگی ہیں۔ مگر افغان بارڈر پولیس نے پیدل آمد و رفت روک رکھی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ روز باب دوستی پر پیدل آمدورفت کی سابقہ پاسپورٹ پالیسی بحال کردی گئی تھی۔ دوسری جانب افغان بارڈر پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام اور دھرنا مظاہرین کے مابین معاہدے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
یاد رہے کہ چمن میں باب دوستی پر پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے خلاف 9 ماہ سے دھرنا جاری تھا جو گزشتہ روز کامیاب مذاکرت کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  جلسہ رکوانے کیلئے جعلی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی،بیرسٹر ڈاکٹرسیف