تحریک انصاف اراکین نے بھوک ہڑتالی

تحریک انصاف اراکین نے بھوک ہڑتالی کیمپ لگا لیا

پارلیمنٹ کے اندر اجازت نہ ملنے پر تحریک انصاف اراکین نے بھوک ہڑتالی کیمپ پارلیمنٹ کے باہر ہی لگا لیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت پارٹی اراکین نے شرکت کی۔
ویب ڈیسک: تحریک انصاف اراکین نے بھوک ہڑتالی کیمپ اجازت نہ ملنے پر پارلیمنٹ کے باہر ہی لگا لیا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ کے اندر کیمپ لگانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتاریوں، چھاپوں، قیادت اور کارکنوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات پر آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے تحریک انصاف اراکین کی جانب سے علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔
تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ نے اس سلسلے میں پارلیمنٹ کے باہر ہی بھوک ہڑتالی کیمپ لگا لیا۔ کیمپ میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، علی محمد خان، فلک ناز چترالی، شیخ وقاص اور سینیٹر ہمایوں مہمند شریک ہیں۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ تحریک انصاف نے آج پارلیمنٹ کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کا فیصلہ ، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر ، شبلی فراز سمیت تمام ارکان پارلیمنٹ بھوک ہڑتال کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی آج پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاجاً بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دوپہر 3 بجے سے شام 7 بجے تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی . آج پارلیمنٹ کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ علامتی ہو گا جبکہ اس موقع پر حکومتی انتقامی کارروائیوں کے خلاف ردعمل بھی دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر ارکان پارلیمان کو وفاداریاں نہ بدلنے پر مقدمات کی دھمکیوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔ کیمپ کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا، تاہم مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں کیمپ کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان خود بھی بھوک ہڑتال کا عندیہ دے چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کی طویل عرصے کے بعد ملاقات