کرم میں فریقین کا فائرنگ تبادلہ

کرم ، قبائل کے مابین شدید فائرنگ، ایک شخص جاں‌ بحق،37 زخمی

ویب ڈیسک: کرم ، قبائل کے مابین شدید فائرنگ، ایک شخص جاں‌ بحق،37 زخمی ہو گئے.اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ جائیداد کے تنازع پر گزشتہ شام سے جاری ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 37 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اپر کرم کے دو قبائل بوشہر اور مالی خیل کے مابین فائرنگ کا تبادلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ گاؤں بوشہرہ اور مالی خیل کے فریقین کا فائرنگ تبادلہ زمین کے تنازعے پر شروع ہوا جس میں بھاری ہتھیاروں سے بھی گولہ باری کی گئی۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران ایک شخص جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں‌فریقین کی جانب سے بھاری اسلحے کا استعمال کیا جارہا ہے،علاقہ بالش خیل پر بھی راکٹ سے حملہ کیا گیا اور پیواڑ و تری منگل کے علاقوں میں بھی فائرنگ ہوئی ہے.
ضلع کرم کے دو قبائل کے مابین شدید فائرنگ کے دوران چھوٹے بڑے اسلحے سے ایک دوسرے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ گھر پر راکٹ گرنے سے والد اور کمسن بچہ بھی زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے کشیدہ صورتحال کے باعث مین شاہراہ پر آمدورفت بند ہوگئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود کا اس واقعہ کے بارے میں کہنا ہے کہ قبائل کے مابین فائر بندی کے لئے کوشش جاری ہے، دونوں جانب عمائیدین بھی اس سلسلے میں ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  عدلیہ بغیر دباو کے آزاد فیصلے کر رہی ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ