رؤف حسن کا مزید 3روزہ جسمانی

تحریک انصاف رہنما رؤف حسن کا مزید 3روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ویب ڈیسک: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی جانب سے تحریک انصاف رہنما رؤف حسن کا مزید 3روزہ جسمانی ریمانڈمنظور کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر رؤف حسن سمیت دیگر گرفتار شدگان کو عدالت پیش کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسرنے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد سے رؤف حسن سمیت دیگر ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے پراسیکیوٹر نے مزید ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ابھی تک ریکور نہیں ہوئے، ای میل اکاؤنٹ لاگ ان کرنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں بیرون ملک سے لوگ شامل ہیں۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمان کے موبائل سے سوشل میڈیا پر بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس ملے ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن سوشل میڈیا ٹیم کی سربراہی کرتے ہیں اور انہی کی جانب سے سوشل میڈیا ٹیم کو ہدایات دی جاتی ہیں۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس جانچنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی جانب سے 9 شریک ملزمان سمیت رؤف حسن کا مزید 3روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
اس سے قبل پولیس نے رؤف حسن کو 4 روز قبل پی ٹی آئی کے اسلام آباد سیکرٹریٹ سے حراست میں لیا تھا۔ اس موقع پر پولیس نے دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر نے سمیت کمپیوٹر اور دیگر دستاویزات بھی قبضے میں لے لی تھیں.
اس حوالے سے بیرسٹر گوہر نے اپنی گرفتاری کی خبروں‌کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ رؤف حسن کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اس لئے میں‌ان کےساتھ تھا.
یاد رہے کہ رؤف حسن کی گرفتاری کے ساتھ ہی بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کے حوالے سے بھی اطلاعات گردش کرنے لگی تھیں.

مزید پڑھیں:  کارساز حادثے کے فریقین میں معاملات طے ،حلف نامے تیار