نیا آپریشن نہیں ہوگا

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کلیئر کر دیاگیا کوئی نیا آپریشن نہیں ہوگا: بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ آج ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کلیئر کردیا گیا ہے کہ کوئی نیا آپریشن نہیں ہوگا ۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بنوں واقعہ، امن وامان سے متعلق بات ہوئی، ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں امن وامان کے بہتر اقدامات کئے جائیں گے۔
بیرسٹرسیف نے کہا کہ وزیراعظم کے آپریشن عزم استحکام کے بیان کے بعد کنفیوژن پیدا ہوئی، عزم استحکام کا مقصد کوئی فوجی آپریشن نہیں تھا، آج کلیئر کر دیا گیا کوئی نیا آپریشن نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جو بھی آپریشن ہوگا پولیس، سی ٹی ڈی فرنٹ لائن پر ہوگی، اگر کوئی بڑا آپریشن ہوگا تواس میں فوج حصہ لے گی، پولیس کی استعداد کو مزید بڑھایا جائے گا، سی ٹی ڈی میں مزید بھرتیاں کی جائیں گی۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ بنوں واقعہ کے فوری بعد ایک جرگہ تشکیل دیا گیا تھا، جرگہ کی کوششوں سے فوری امن قائم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کہاکہ ایپکس کمیٹی کے دائرہ کار کو بھی بڑھایا جائے گا، پولیس کی گشت کو بڑھایا جائے گا، آپریشن عزم استحکام پہلے سے جاری آپریشن کا تسلسل ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ بنوں واقعہ میں سوشل میڈیا پر زہریلا پراپیگنڈا کیا گیا، بنوں واقعہ میں کسی کی نااہلی، کوتاہی ہوگی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بنوں واقعہ میں بدقسمتی سے ایک پارٹی کو نشانہ بنایا گیا، فارم 47 سے جیتنے والے امیرمقام، عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر الزامات لگائے، امیرمقام، عطا تارڑ نے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، بنوں جرگہ نے بھی ان کے بیانات کی مذمت کی۔

مزید پڑھیں:  کتابیں نہ ملنے پر طلبہ کااحتجاج، باجوڑ منڈا شاہراہ بند کر دی