خیبرپختونخوا میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی

خیبرپختونخوا میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی کیلئے الگ ونگ بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی کیلئے سیکورٹی ڈویژن کے نام سے الگ ونگ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خصوصی سیکیورٹی ونگ کے لیے 11 ہزار 483 آسامیاں پیدا کی جائیں گی۔ ان آسامیوں پر بھرتیاں تین مراحل میں ہوں گی۔ سیکورٹی ڈویژن کے نام سے الگ ونگ کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ نے سمری تیار کر لی۔
محکمہ داخلہ کی دستاویز کے مطابق خیبر پختونخوا میں 10 ہزار 483 سیکورٹی اہلکار اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔ اس سے شہریوں کی سیکیورٹی و دیگر ڈیوٹیز کیلئے پولیس اہلکاروں کی تعداد میں کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اس کمی کو پورا کرنے کیلئے طے پایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی کیلئے الگ ونگ بنایا جائَے۔
اس خصوصی ونگ کا نام سیکورٹی ڈویژن رکھا گیا ہے جس کی ذمہ داری وی آئی پیز کی سیکیورٹی ہوگی، اس ونگ کے لئے 11 ہزار483 بھرتیاں کی جائیں گی۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ کیلئَ سمری تیار کر لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ڈویژن میں 8 ایس پی، 105 سب انسپکٹر، 210 اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ایک ہزار 48 ہیڈ کانسٹیبل اور 10 ہزار 483 کانسٹیبل شامل ہوں گے۔
سیکیورٹی ڈویژن کے لیے سالانہ 6 ارب روپے سے زیادہ کا بجٹ مختص کیا جائے گا۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ کی سمری کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی۔
اس کے بعد منصوبے کو 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد