Babar Azam 1

نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے شاداب خان بابراعظم اورامام الحق باہر

ویب ڈیسک : نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے شاداب خان بابراعظم اورامام الحق باہر ہو گئے ہیں ،

آل راؤنڈر شاداب خان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔آل راؤنڈر نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد اپنی بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی ،

شاداب خان 26 سے 30 دسمبر تک ماؤنٹ منگنوئی میں شیڈول نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں،  لہٰذا ٹیم منیجمنٹ نے ظفر گوہر کو بطور متبادل اسپنر پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

رواں سال نیشنل ٹی 20 کپ میں ظفر گوہرنےمجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم وہ قائداعظم ٹرافی میں  شرکت نہیں کرسکے تھے۔

پچیس سالہ اسپنر اب تک 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 144 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں،وہ 6 مرتبہ ایک اننگز میں 5 جبکہ 2 مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔

نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ اسکواڈ سے اچھی خبر ہے کہ انجری کا شکار بابراعظم اورامام الحق نے بیٹ گرپنگ شروع کردی ہے۔

پی سی بی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے انجری کے دس روز بعد بیٹ گرپنگ کا آغاز کیا۔ بابراعظم اور امام الحق نے نیپئر کے میک لین پارک میں ہلکی ٹریننگ کی۔

قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل دونوں کھلاڑیوں کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے۔ نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر دونوں کھلاڑیوں کی ریکوری سے مطمئن ہے۔

چھبیس تا تیس دسمبرپاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بمقام ماؤنٹ منگنوئی میں ہوگا۔ تین تا سات جنوری تک پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ، کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔