پشاور : سی این جی اسٹیشنز دن میں 17 گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک(پشاور)وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا کے گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کے لئے خیبرپختونخوا کے سی این جی اسٹیشنز ایک ماہ کیلئے روزانہ سترہ گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی این جی اسٹیشنز سہ پہر چار بجے سے صبح 9 بجے تک بند رہیں گے، صبح 9 سے سہ پہر چار بجے تک سی این جی اسٹیشنز کو فل پریشر کے ساتھ گیس مہیا ہوگی جبکہ گھریلو صارفین کیلئے 24 گھنٹے گیس دستیاب ہوگی، اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جنرل منیجر سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ تاج علی خان، ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود، ڈپٹی کمشنر چارسدہ سعادت حسن، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میر رضا اوزگن جبکہ سی این جی ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے وفد نے چیئرمین پرویز خٹک کی سربراہی میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں:  لنڈی کوتل میں بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ جاری، علاقہ مکین پریشان

اجلاس میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ ایک ماہ کیلئے نافذالعمل ہوگا جبکہ آٹھ جنوری کو دوبارہ مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں حالات کے مطابق فیصلے کئے جائیں گے، سی این جی ایسوسی ایشن نے 16 گھنٹے گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا تاہم عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کے فیصلے سے غیر مشروط اتفاق کیا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویڑن ریاض خان محسود نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ عوام کو بلا تعطل سردی کے موسم میں گیس کی فراہمی یقینی بنائیں جبکہ دوسری جانب ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانا اور سی این جی کے کاروبار سے وابستہ افراد کی مشکلات کو دور کیا جانا مقصود ہے اس لئے سخت فیصلے کرنا پڑے۔

مزید پڑھیں:  غزہ کے انتظام کا فیصلہ حماس کی مرضی سے ہوگا، اسماعیل ہنیہ